کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ نے محکمہ آبپاشی کے 11افسران کی ترقی روکنے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری سروسز سے ریٹائرڈ ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ میں محکمہ آبپاشی کے 11افسران کی ترقی روکنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،وکیل درخواست گزارنے کہاکہ چیف سیکرٹری سندھ نے 2022کی ڈی پی سی کی سفارشات منظور نہیں کیں،نئی ڈی پی سی کے بعد 8ملازمین کو ترقی دی جا چکی ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ 3ملازمین ریٹائرڈ ہو چکےہیں،وکیل نے کہاکہ 8ملازمین کی گریڈ18میں ترقی ہو گئی، ان کا کیس نہیں چلانا چاہتے، ریٹائرڈ3ملازمین 2022کی ڈی پی سی کے وقت ریگولر ملازم تھے،ملازمین کو قانون کے مطابق بعداز ریٹائرمنٹ ترقی دی جائے،عدالت نے کہاکہ سیکرٹری سروسز خود پیش ہوں یا کسی سینئرافسر کو ریکارڈ کے ہمراہ بھیجیں،عدالت نے سیکرٹری سروسز سے ریٹائرڈ ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا،عدالت نے کیس کی سماعت 31دسمبر تک ملتوی کردی۔