پاکستان ہاکی میں بحران ، گول کیپر سلمان اکبر نے مائیک تھام لیا
کراچی(آن لائن)پاکستانی ہاکی ٹیم کے گول کیپر سلمان اکبر نے اب ہاکی سٹک کے بجائے اب ہاتھ میں مائیک تھام لیا ہے۔آئی پی ایل کی طرح انڈین ہاکی لیگ کے دروازے بھی پاکستانی کھلاڑیوں پر بند رہے لیکن سلمان اکبر نے ٹی وی کمنٹری ٹیم میں شامل ہو کر اپنے نئے کریئر کی ابتدا کر دی ہے۔سلمان اکبر نے میڈیا دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایک انگریزی اخبار کے لیے پہلے ہی کالم لکھ رہے ہیں اسی دوران سٹار سپورٹس نے ان سے رابطہ کیا جس پر انھوں نے سوچا کہ یہ تجربہ بھی کر لیا جائے۔ انہوں نے خوشی ظاہر کی کہ اتنے بڑے ایونٹ کے لیے ان کاانتخاب ہوا اور انھوں نے کمنٹری باکس میں ایک ایک لمحے سے لطف اٹھایا۔سلمان اکبر کہتے ہیں کہ کمنٹری سے قبل ایک ور کشاپ ہوئی تھی جس میں انھیں اس شعبے کی بنیادی باتیں سکھائی گئیں۔
انھوں نے کہا: ’مجھے کھیلتے ہوئے کبھی یہ احساس نہیں ہوا تھا کہ یہ کھیل کتنا تیز ہے لیکن اب مجھے اندازہ ہوا کہ یہ آسان نہیں لیکن میں محنت کرکے اس میں بہتری لاسکتا ہیں جیسا کہ میں اپنی گول کیپنگ میں کرتا تھا۔‘سلمان اکبر نے کہا کہ انڈین ہاکی لیگ نے ہاکی کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور یہ کھلاڑیوں کے لیے یہ بہت بڑا پلیٹ فارم ہے۔انھوں نے بتایا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اس سے بہت فائدہ ہوا ہے جنھیں ورلڈ کلاس کھلاڑیوں اور کوچوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ اس لیگ کی ٹی وی کوریج جس عمدگی سے کی گئی وہ بھی قابلِ تعریف ہے۔