ہاکی کی بہتری کےلئے جلد ہی قانون سازی کر رہے ہیں

ہاکی کی بہتری کےلئے جلد ہی قانون سازی کر رہے ہیں

لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ قومی کھےل ہاکی کی بہتری کے لئے جلد ہی قانون سازی کر رہے ہیں جس میں تمام اداروں کو ایک ٹیم بنانے کا پابند کریں گے، قومی دولت کا ایک ایک پیسہ ضائع ہو نے سے بچانا ہے لہذا نویں دسویں پوزیشن حاصل کرنے کی بجائے ٹیم باہر نہ بھیجنا بہتر ہے اور عنقریب تربیتی کیمپ لگا کر میرٹ کی بنیاد پر ٹیم تشکیل د یں گے جو دنیا میں فتوحات حاصل کرے گی۔ گزشتہ روز سپورٹس بورڈ پنجاب میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے جلد قانون سازی کر رہے ہیں جس میں ہر ادارے کے لئے لازمی قرار دیں گے کہ وہ کسی بھی کھیل کی ایک ٹیم بنائے۔ رانا مشہود نے کہا کہ ہم یوتھ فیسٹیول سے کھیلوں کا کلچر پیدا کر ہے ہیں جس سے مستقبل کے لئے باصلاحیت کھلاڑی پیدا ہو نگے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی قومی کھیل ہے جس کی سرپرستی کرتے ہوئے اسے فروغ دیں گے۔

 اس سوال پر کہ حکومت کیجانب سے اعلان کردہ دس کروڑ کے فنڈز جاری نہ کرنے کی وجہ سے قومی ٹیم اذلان شاہ کھیلنے نہیں جا سکی، رانا مشہود نے کہا کہ صرف ٹیم بیرون ملک بھیجنا مقصد نہیں بلکہ جلد ہی پانچ چھ ماہ کا تربیتی کیمپ لگا کر میرٹ کی بنیاد پر ٹیم بنائیں گے جو فتوحات حاصل کرے گی او رقومی کھیل کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔ یاد رہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ ماہ ہاکی کے فروغ کے لئے دس کروڑ روپے کے امدادی فنڈز کا اعلان کیا تھا اوررانا مشہود کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دےتھی جس کے ذمہ گراس روٹ سطح پر ہاکی کے فروغ کے لئے کام کرنا شامل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی