قدرتی وسائل سے مالا مال سرزمین

قدرتی وسائل سے مالا مال سرزمین

مکرمی!پاکستان کو قدرت نے نہ صرف چاروں موسموں سے نوازا ہے بلکہ ایسی خوبصورت زمین بھی دی ہے جو معدنیات سے بھری پڑی ہے۔ جہاں بھی معدنیات کی تلاش کے لئے کھدائی ہوئی، قدرت نے پاکستان کو انمول خزانوں سے نوازا۔ بلوچستان کے پہاڑوں سے لے کر شمالی علاقہ جات ، خیبر پختونخواہ اور سندھ کی ساحلی پٹی معدنیات سے مالا مال ہے اور اب حال ہی میں پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں سونے ، چاندی، لوہے اور تانبے کے وسیع ذخائر کی دریافت اللہ تعالیٰ کی طرف سے پاکستانی عوام کے لئے ایک انمول تحفہ ہے۔ ماضی میں قدرت کے ان خزانوں کو استعمال میں لانے کے لئے خاطر خواہ کوششیں نہیں کی گئیں۔ ان قدرتی نعمتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ گوکہ پاکستان کے پاس وسائل کم ہیں لیکن خلوص نیت اور بھرپور منصوبہ بندی سے ان معدنیات کو نکالا جاسکتا ہے جو قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ اگر اب بھی ہم نے اس طرف توجہ نہ دی تو پھر ہماری قوم کا اللہ ہی حافظ ہے قوم امید کرتی ہے کہ موجودہ حکومت محدود وسائل کے باوجود ان قدرتی وسائل کو استعمال میں لانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

(محمد ضیاء آفتاب ،احمد بلاک ، نیو گارڈن ٹاؤن ، لاہور)

مزید : اداریہ