نیشنل کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے روح رواں شیخ نذیر احمد انتقال کرگئے

نیشنل کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے روح رواں شیخ نذیر احمد انتقال کرگئے

 سرینگر(کے پی آئی)نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر شیخ نذیراحمد منگل صبح سویرے اس دنیا سے انتقال کرگئے۔وہ جموں کے سپر سپیشلٹی اسپتال میں سوموار کی شام علاج و معالجہ کیلئے داخل کئے گئے تھے۔نیشنل کانفرنس کے سابق جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ شیخ نذیر احمد کی میت شام 5بجے جموں سے ایمبولنس کے ذریعے سرینگر لائی گئی اورمولانا آزاد روڑ پر واقع ان کی رہائش گاہ پہنچائی گئی جہاں برستی بارش کے باوجود وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے سینکڑوں کارکنوں اور پارٹی لیڈران نے ان کاآخری دیدار کیا۔ان کی نماز جناز مولاناطیب کاملی نے پڑھائی جبکہ جموں سے سرینگر تک میت کے ہمراہ ڈاکٹر مصطفی کمال تھے۔شیخ نذیر کی میت انکی آخری خواہش کے مطابق جموں سے سرینگر ہوائی جہاز کے بجائے سڑک کے راستے ان کے گھرواقع مولانا آزاد روڈ پہنچائی گئی ۔اس موقعہ پر خواتین آہ و زاری کرتے ہوئے دیکھی گئیں اور پارٹی کے بیشتر سینئر کارکنان کی آنکھیں نم تھیں ۔شام 6بجے مولانا محمد طیب کاملی نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ ،پارٹی کے سینئر لیڈران ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ،علی محمد ساگر ،عبدالرحیم راتھر ،ناصر اسلم وانی ،محمد اکبر لون ،چودھری محمد رمضان ،نذیر گریزی ،مبارک گل ،میر سیف اللہ ،محمد عرفان شاہ ،عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ کے علاوہ جمعیت ہمدانیہ ،عوامی ایکشن کمیٹی اور دیگر کئی سیاسی ،سماجی اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے جموں سے آئے ہوئے سینئر لیڈران دویندر سنگھ رانا،اجے سدوترہ کے علاوہ آئی جی کشمیر عبدالغنی میر ،ڈی آئی جی وسطی کشمیر غلام حسن بٹ ،ایس ایس پی سرینگر امیت کمار کے علاوہ پولیس کے کئی دیگر آفیسران موجود تھے ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں گاڑیوں کے کاروان کے ذریعے صورہ لے جایا گیا جہاں انہیں آبائی مقبرہ واقع ملک صاحب صورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔عمر عبداللہ نے اس موقعہ پر بتایا کہ مرحوم کا چہارم ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ گپکار پر انجام پذیر ہوگی جبکہ اجتماعی فاتحہ خوانی جمعہ کودن کے2.30میں ان کے آبائی قبرستان پر منعقد ہوگی۔دوسری جانب گورنرمقبوضہ کشمیر این این ووہرا، اسمبلی سپیکر مبارک گل، پی ڈی پی سرپرست مفتی محمد سعید ، صدرمحبوبہ مفتی، پردیش کانگریس صدر پروفیسر سیف الدین سوز، سینئر لیڈر غلام نبی آزاد ،حریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق، عوامی نیشنل کانفرنس صدر بیگم خالدہ شاہ کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی اور مذہبی تنظیموں نے نیشنل کانفرنس کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ نذ یراحمد کے انتقال پرگہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے زبردست خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ گورنر این این ووہرا نے نیشنل کانفرنس کے سابقہ جنرل سیکرٹری اور ریاست کے سابقہ وزیر اعلی عمر عبداللہ کے چاچا شیخ نذیر احمد کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

مزید : عالمی منظر