بھارت میں پاکستانی فلموں کی نمائش کی جانی چاہئے، نصیر الدین شاہ

بھارت میں پاکستانی فلموں کی نمائش کی جانی چاہئے، نصیر الدین شاہ

کراچی (آئی این پی) بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی فلموں کی نمائش کی جانی چاہئے ‘ جلد پاکستانی فلم میں کام کرونگا‘ تھیٹر لوگوں میں رابطے کا ذریعہ ہے جو کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتا اسٹیج کی عزت ماتھے ٹیکنے سے نہیں ہوتی اس کے لیے پسینہ بہانا ہوگا۔ گزشتہ روز یہاں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جس طرح بھارتی فلمیں پاکستانی سنیماؤں میں دکھائی جارہی ہیں اور لوگ انھیں پسند کررہے ہیں پاکستانی فلموں کی بھارتی سنیماؤں میں نمائش ہونی چاہیے۔ بھارتی عوام بھی پاکستانی فلمیں بھارتی اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کے ٹیلی ویژن اداکار بھارت میں بے حد مقبول ہیں بھارتی فلم پروڈیوسرز بھی پاکستانی فنکاروں سے بے حد متاثر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں متعدد بار پاکستان آچکا ہوں۔ مجھے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی ہے میں نے اسے قبول کرلیا ہے میں اس سال کے آخر میں پاکستان آکر فلم کی شوٹنگ میں حصہ لوں گا۔

مزید : کلچر