آئر لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد یو اے ای کو شکست دیدی

آئر لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد یو اے ای کو شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 برسبین ( نیٹ نیوز) گیارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ آئرش ٹیم نے 279 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 8 وکٹوں پر حاصل کیا۔ 171 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد کیون اوبرائن نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ گیری ولسن 80 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ متحدہ عرب امارات کے شیمن انور کی ریکارڈ ساز سنچری رائیگاں گئی آئرش کپتان نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو شیمان انور کی سنچری کی بدولت یو اے ای نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ شیمان انور نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 78 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی ایک موقع پر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے 35 اوورز میں 130 رنز پر 6 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن اس موقع پر شیمان نے ایک اینڈ سنبھالا اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ شیمان نے پہلے خرم خان اور پھر امجد جاوید کے ساتھ مل کر اہم شراکتیں قائم کیں اور ٹیم کو ایک اچھے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔ وہ 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شیمان کے علاوہ امجد جاوید نے 42 اور خرم خان نے 36 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔آئرلینڈ کی جانب سے کیون اوبرائن، کیوسیک، سورینسن اور سٹرلنگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 4 رنز پر اسے پہلا نقصان اٹھانا پڑا، پال سٹرلنگ 3 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے ایڈجائس کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 68 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 72 تک پہنچا دیا، یہاں پر امجد جاوید نے ایڈجائس کی وکٹ لیکر اہم شراکت توڑ ڈالی، ایڈجائس نے 37 رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پورٹر فیلڈ کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 37 رنز بنا کر محمد توقیر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، نیل اوبرائن 17 رنز بنا کر محمد توقیر کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر گیری ولسن نے بلبرائن کے ساتھ مل کر عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 74 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا اوبرائن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، یہ پارٹنر شپ خطرہ بن گئی تھی کہ جاوید نے کیون اوبرائن کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، اوبرائن 50 رنز بنا کر چلتے بنے، جان مونی 2 رنز بنا کر جاوید کی گیند پر شکار ہوئے، 267 رنز پر آئرش ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب گیری ولسن 80 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر محمد نوید کی گیند کا نشانہ بنے لیکن اس کے بعد کیوسیک اور ڈوکریل نے مل کر اپنی ٹیم کو آخری اوور کی دوسری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر فتح دلائی۔ کیوسیک 5 اور ڈوکریل 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ امجد جاوید نے 3 جبکہ محمد نوید اور محمد توقیر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔