ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے کالاباغ ڈیم بنایا جائے،فرخ خان
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر بیگم فرخ خاں نے کہا ہے کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے کالا باغ ڈیم بنانا ضروری ہے موجودہ حکومت بجلی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ کالا باغ ڈیم ملک میں اجالا لائے گا،حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں تین روزہ آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے تمام صوبوں کے تحفظات دور کرکے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کرے کیونکہ جس طرح دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام قوم یکجا ہوچکی ہے اور قومی یکجہتی نظر آرہی ہے اسی طر ح کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے قوم کو یکجا کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں شعبہ خواتین پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی صدرشعبہ خواتین پنجاب، سیدہ ماجدہ زیدی جنرل سیکرٹری سمیت دیگر خواتین نے بھی اظہار خیال کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ فاروقی صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا کہ وفاقی وزیر پانی و بجلی 2017میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے نوید سنارہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے نیپرا کے اعدادو شمار کے مطابق2020میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی ۔خواجہ آصف کو قوم سے جھوٹ بولنے پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 6ماہ میں بجلی بحران کے خاتمے کا اعلان کرنے والوں نے ڈیڑھ سال سے زائد دو ر حکومت میں ملک کوروشنیوں کی بجائے اندھیروں میں ڈبودیا ہے اب توانائی بحران کے خاتمے کے جعلی لالی پاپ عوام کو دیئے جارہے ہیں ۔سیدہ ماجدہ زیدی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ شعبہ خواتین کی تنظیم سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو خوشخبری سنائی کہ چنیوٹ میں سونا، تانبہ، لوہے کے ذخائر موجود ہیں جس سے ملک خوشحال ہوجائے گا حقیقت یہ ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں ان ذخائر کا انکشاف ہوچکا تھا۔ابتدا صرف 3کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ عوام اب باشعور ہیں انہیں جھوٹے دعوؤں سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔اجلاس میں کنول نسیم سیکرٹری اطلاعات، صدر لاہور آمنہ الفت،جنرل سیکرٹری بیگم مسرت ، نائب صدر پنجاب بیگم حامد رانا،شبنم ظفر چوہدری، سمعیہ طارق، تبسم ناز، تمکین آفتاب، مسز ماہ رخ جمشید، سمیرا نواز ، نگینہ اشرف ، مریم شاہد، لبنی طارق، عزیزہ بیگم، نازیہ حسین، فاخرہ خاں، رضیہ سلطانہ ، پروین سکندر گل، ثروت رضا ، نگہت آغا، شازیہ چاند سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔