بلدیاتی انتخابات کا مسلسل التواء عوام سے زیادتی ہے،افتخار حسین

بلدیاتی انتخابات کا مسلسل التواء عوام سے زیادتی ہے،افتخار حسین

 لاہور (نمائندہ خصوصی) ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے بلدیاتی انتخابات کو جمہوریت کی آبیاری کا بہترین زریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا مسلسل التواء عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں؂صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کروانے سے ہی حکومت پر عوام کا اعتماد بحال ہو گا اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے عوام کے بنیادی مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے لہذا پنجاب ‘ خیبر پختونخواہ کی حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے اجتناب کریں اور عدالتی حکم کی بجا آوری پر لبیک کہتے ہوئے جمہوری سپرٹ کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کرواکر جمہوریت کو مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے گراس روٹ لیول پر عوام سے رابطے کا ذریعہ ہوتے ہیں ، گلی ،محلے ،علاقے اور آبادی کے مسائل چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں ان کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ عوام اپنے بنیادی مسائل حل کرانے کے لئے یونین اور ٹاؤن کی سطح پر جاتے ہیں جس کے باعث دنیا بھر میں بلدیاتی اداروں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ ا ن کے اختیارات میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک میں پارلیمنٹ قانون سازی کرتی ہے جبکہ ترقیاتی کام مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہو تی ہے ، بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی مقامی سطح پر عام آدمی کے مسائل کئے جاتے ہیں جو وسیع پیمانے پر بڑے حلقوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کے بس کی بات نہیں ہوتی ہے لہذا حکومت جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1