انڈسٹری کیلئے شرح سودمیں کمی لائق تحسین اقدام ہے:محمدابراہیم

انڈسٹری کیلئے شرح سودمیں کمی لائق تحسین اقدام ہے:محمدابراہیم

لاہور(کامرس رپورٹر) معروف صنعتکار اور لائنز کلب کے گورنر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے انڈسٹری کے لئے شرح سود 11.40فیصدسے کم کرکے 7.5فیصد کرنے پر انہیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے کیونکہ شرح سو دمیں کمی سے ملک کی انڈسٹری اورایکسپورٹ میں استحکام پیدا ہو گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ،انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق رینویبل انرجی پاور پلانٹس کے لئے پہلے شرح سود11.40فیصد تھا لیکن اس کو کم کرکے7.5فیصد پر فکس کر دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ایس ایم ایز معاشی واقتصادی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن مختلف فنانسنگ سکیموں کے تحت8سے لیکر10فیصد تک قرضے لینے پر مجبو رتھیں۔ جس سے کاٹیج اور ایس ایم ایز اپنا اصل کردار ادا کرنے میں کا میاب نہیں ہو رہی تھیں ، مقامی طور پر مشینری تیار کرنے والوں کے لئے ایکسپورٹ اور زرعی پیداوار کو محفوظ کرنے کے لئے سٹوریج کے لئے فنانس پر شرح سود7.5فیصد کرنے سے دونوں شعبوں میں بہتری آئے گی ، تاہم انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔

مزید : کامرس