عطاء الحق قاسمی کو گورنر پنجاب بنائے جانے کا امکان

عطاء الحق قاسمی کو گورنر پنجاب بنائے جانے کا امکان

 لاہور(انوار قمر سے)ممتاز شاعر و ادیب ، نامور کالم نگار عطاء الحق قاسمی کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ یہ تاثر یوم حمید نظامی کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی گفتگو سے مرتب ہوا ، نامور صحافی و تجزیہ نگار عارف نظامی ، بیورو کریٹ اور کالم نگار اوریا مقبول جان اور سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے فوری طور پر عطاء الحق قاسمی کو مبارکباد پیش کر دی جبکہ تقریب کے اختتام پر باخبر تجزیہ نگار چودھری غلام حسین اور منیب اقبال سمیت شرکاء نے بھی انہیں مبارکباد یں دیں تاہم عطاء الحق قاسمی تردید و تصدیق کئے بغیر مسکراتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق یوم حمید نظامی کی تقریب میں خطاب کے آغاز سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عطاء الحق قاسمی بہت بڑے ادیب ہیں ، انہیں گفتگو کا فن آتا ہے ، مجھ جیسے ٹوٹے پھوٹے لفظ ادا کرنے والے وزیر بن سکتے ہیں تو عطاء صاحب کو تو لازماََ وزیر بنا دیا جانا چاہیے ۔ ویسے بھی ان کا تعلق وزیر آباد سے ہے ۔ اس موقع پر حاضرین میں سے ’’گورنر ‘‘،’’گورنر ‘‘ کی آوازیں آئیں جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ میری تو خواہش ہے کہ انہیں گورنر پنجاب بنایا جائے اسے میری خواہش اور آپ کو خوشخبری سمجھنا چاہیے ۔ اس موقع پر سٹیج پر بیٹھے خورشید قصوری، عارف نظامی ، اوریا مقبول جان اور دیگر نے فوری طور پر مبارکباد پیش کی ۔

مزید : صفحہ اول