اکبری بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کی حاضری استثنٰی کی درخواست منظور

اکبری بگٹی قتل کیس، پرویز مشرف کی حاضری استثنٰی کی درخواست منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اکبر بگٹی قتل کیس میں انسداددہشتگردی کی عدالت نے سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کی ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور حکومت سندھ کو حکم دیاکہ پرویز مشرف کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کیلئے سیکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ پرویز مشرف کے بطوررہنماء عدالت میں پیشی سے متعلق درخواست پر فیصلہ بھی محفوظ کرلیاگیا۔ کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق صدر پرویز مشرف ایک مرتبہ پھر عدالت میں حاضر نہ ہوئے۔ سابق صدرکے وکیل اختر شاہ نے اپنے موکل کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تو عدالت نے استفسار کیا کہ وہ اپنے موکل کو کب پیش کریں گے جس پر اختر شاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے بعد عدالت کے حکم پر ان کے موکل پیش ہوجائیں گے لیکن عدالت سے اپیل ہے کہ پرویز مشرف کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کیلئے سیکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ عدالت میں ’’ملزم ‘کے بطور رہنماء پیشی کی درخواست پردلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کے وکلاء نے دلائل مکمل کرلیے ۔ اس موقع پرڈی جی صحت بلوچستان ڈاکٹر فاروق اعظم نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کے طبی معائنے کیلئے سندھ او ربلوچستان میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -