دہشتگرددنیا کیلئے خطرہ ہیں، داعش کا خاتمہ امن واستحکام کیلئے ضروری ہے، اوبامہ

دہشتگرددنیا کیلئے خطرہ ہیں، داعش کا خاتمہ امن واستحکام کیلئے ضروری ہے، ...

  واشنگٹن(اے این این)امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ شدت پسند مشرق وسطی کے علاوہ بین الاقوامی برادری کے لیے خطرہ ہے، داعش کا خاتمہ امن واستحکام کیلئے لازمی ہے ، دہشتگردوں کی فنڈنگ مکمل طور پر بند کیے جانے کی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے، بشار الاسد حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی اہمیت کے حامل معاملات ، داعش کے خلاف جاری کارروائی کے علاوہ عراق، شام، لیبیا، ایران، یمن پر بات چیت کی گئی ۔ قطری امیر کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس میں صدر نے کہا کہ داعش کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں دونوں ملک قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یہ کہ شدت پسند مشرق وسطی کے علاوہ بین الاقوامی برادری کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرتشدد انہتا پسندی، اور دہشت گردی کے خدشات کا قلع قمع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ داعش کے گروہ کو میسر آنے والی فنڈنگ کو مکمل طور پر بند کیے جانے کی کوششوں کو کامیاب بنایا جائے۔شام کے بارے میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ بشار الاسد حق حکمرانی کھو چکے ہیں، جن کا اب کوئی کردار باقی نہیں رہا۔صدر اوباما نے کہا کہ ایران کے جرہری پروگرام کے تنازع پر ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے، اور یہ کہ اس بات کی تصدیق لازم ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، جس ضمن میں، انھوں نے کہا کہ دوحہ کے خیالات بھی یکساں ہیں۔انھوں نے کہا کہ قطر بے تحاشہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اور ساتھ ہی وہ پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کی لڑائی میں پیش پیش ہے؛ جب کہ وہ، داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کا ایک اہم رکن ہے۔قطر کے امیر، شیخ تمیم نے کہا کہ فوجی، سلامتی اور معاشی شعبوں میں قطر اور امریکہ کے مابین سودمند اور قریبی تعلقات ہیں۔دہشت گردی کے خلاف لڑائی نہ صرف خطے بلکہ بین الاقوامی برادری کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

مزید : علاقائی