معاشرے میں بچوں ،خواتین اور اقلیتوں کو اولین ترجیح دی جائے،عائشہ غوث

معاشرے میں بچوں ،خواتین اور اقلیتوں کو اولین ترجیح دی جائے،عائشہ غوث

لاہور(کامرس رپورٹر)نائب چیئرپرسن سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی وعدوں کے تحت چائلڈ ریسپونسو بجٹنگ بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب بجٹ کی فراہمی کو چانچنے کا ایک کامیاب و مفید آلہ ہے ۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق معاشرے کے پسماندہ طبقات جن میں بچے ، خواتین اور اقلیتی شامل ہیں کو اولین ترجیح دی جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب اور یونیسیف کے باہمی اشتراک و تعاون سے تیار کردہ چائلڈ ریسپونسو بجٹنگ رپورٹ کی افتتاحی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب پہلے سے ہی فلاحی کاموں کے لیے خاطر خواہ اضافہ کرنے میں

مصروف عمل ہے جبکہ CRB رپورٹ کی سفارشات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ رپورٹ کی تیاری کو صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی کی سربراہی میں قائم کردہ سٹیرنگ کمیٹی کے ذریعے سے یقینی بنایا گیا ہے ۔

صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم اجمل چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب میلینیم ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بچوں کے حقوق اور عوامی پالیسی کے مابین رابطے کو بڑھانے کے لیے چائلڈ ریسپونسو بجٹنگ رپورٹ کے استعمال کے لیے مصروف عمل ہے ۔ڈاکٹر محمود خالد قمر سینئر چیف پی اینڈ ڈی نے CRB رپورٹ پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ پیٹا گے بوکال چیف پروٹیکشن آفیسر یونیسیف پنجاب ، پروگرام آفیسر یونیسیف نیاز احمد ، یونیسیف کے نمائندہ نعمان غنی ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نجیب اسلم اور ساجد صدیق مقامی کنسلٹنٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

مزید : علاقائی