عدلیہ وکلاء کے ساتھ مل کر ریفارمرز جای رکھے گی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

عدلیہ وکلاء کے ساتھ مل کر ریفارمرز جای رکھے گی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ امتیاز احمد نے کہا ہے کہ وکلاء کے تعاون کے بغیر سسٹم نہیں چل سکتا ،بار ایسوسی ایشنز کے تعاون سے زیر التواء مقدمات نمٹانے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے تاہم کوئی بھی نظام 100 فیصد مکمل نہیں ہوتا اس میں کچھ نہ کچھ خلا باقی رہ جاتا ہے،اس چیز پر بھی بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے کہ مقدمات میں تاخیری حربے استعمال نہ ہونے پائیں،ہم نے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کیس مینجمنٹ سسٹم بنایا ہے،عدلیہ وکلاء کے ساتھ مل کر ریفارمز جاری رکھے گی۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ انہیں اور ان کے برادر ججز کو لاہور ہائی کورٹ بار کی تقریب میں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے بار اور بنچ کے کسی بھی تنازعے کو ایشو نہیں بنایا بلکہ اس کو باہمی مشاورت سے طے کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بہت حد تک کامیاب رہے۔انہوں نے لاہور ہائی کورٹ بار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزیدکہا کہ بار نے عدلیہ کا بھرپور ساتھ دیاہے ۔فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی وہ بڑی تعداد میں زیر التواء مقدمات نمٹانے میں کامیاب رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بار اور بنچ انصاف کی گاڑی کے دو پہیے ہیں جن کے مابین کسی تنازعے کا جنم لینا ایک فطری امر ہے،ان نوعیت کے تنازعات میں ہر ایک کی اپنی نفسیات ہوتی ہے۔مگر ہم کو اس طرح کے معاملات کو ایشو نہیں بنانا چاہیے بلکہ باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہیے ۔لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے کہا کہ ان کو ایک وکیل ہونے پر فخر ہے،جج کا عہدہ تو عارضی ہے اوروہ بنیادی اور ذہنی طور پر خود کو وکیل سمجھتے ہیں کیوں کہ انہوں نے پھر لوٹ کر بار میں ہی آنا ہے،ان کی عزت بار کی وجہ سے ہے جو ان کے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر بار اور بنچ کے درمیان کوئی معاملہ ہو تو اس کو باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہیے ۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان نے چیف جسٹس اور فاضل ججز کا استقبال کرتے ہوئے بار کی تقریب میں تشریف لانے پر ان کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلاء آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔لاہورہائی کورٹ بار کے سالانہ عشائیے میں ججز اور وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ خواجہ امتیاز احمد

مزید :

صفحہ آخر -