پولیس نے ملزمان سے رشوت لیکر مدعی کے خلاف کارروائی کر دی

پولیس نے ملزمان سے رشوت لیکر مدعی کے خلاف کارروائی کر دی

 لاہور(کرائم سیل) نشتر کالونی پولیس کی چالاکیاں ،ملزمان سے مبینہ طور پر رشوت لیکر مدعی کے خلاف کارروائی کر دی۔متاثرہ شخص انصاف کے حصول کے لیے دفتر \"پاکستان\" آ گیا۔نمائندہ \"پاکستان \"سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ شخص نصیر علی اور اس کے اہل علاقہ و دوست محمد اسحاق،خالد پرویز ،وسیم اور جمشید اعوان نے بتایا کہ نصیر علی نشتر کالونی کا رہائشی ہے۔علاقہ کے دو افراد سے اس کا لین دین کا تنازع تھا ۔ ملزمان نے اسے چند روز قبل اغوا کرنے کی کوشش کی تھی جس پر اس نے تھانہ نشتر کالونی میں درخواست بھی دی لیکن پولیس نے اسے ملزمان کو گرفتار کر کے کارروائی کروانے کے بہانے تین روز قبل تھانے میں بلایا اور اسی کے خلاف ہی 751 کا مقدمہ دے دیا اور اس کو حوالات میں بند کر دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ ایس ایچ او رانا اکمل نے ملزمان سے مبینہ طور پر رشوت لی ہے اور ان کے خلاف ہی کارروائی کر دی ہے جبکہ ان کی درخواست پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے پولیس حکام سے اپیل کی کہ ان کی داد رسی کی جائے ۔اس حوالے سے تھانہ نشتر کالونی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ،میرٹ پر کاروائی کی گئی ہے۔

مزید : علاقائی