متعدد الزمات پر 4 تھانیدار بر طرف 15 اہلکاروں کو مختلف سزائیں

متعدد الزمات پر 4 تھانیدار بر طرف 15 اہلکاروں کو مختلف سزائیں

 لاہور(کرائم سیل) ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتولہ عبیرہ اقبال کا پوسٹ مارٹم تاخیر سے کروانے پر انچارج انویسٹی گیشن شیرا کوٹ محمد اکمل اور تفتیشی افسر سب انسپکٹر جاوید اقبال کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ کاروائی کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء آرڈرلی روم میں مختلف پولیس اہلکاروں کے شو کاز نوٹسز کے جوابات سنتے ہوئے اختیارات سے تجاوز، کرپشن ، فرائض میں غفلت ، شہریوں سے بد سلوکی سمیت متعدد الزامات کے تحت4تھانیداروں کو ملازمت سے برطرفی سمیت19پولیس اہلکاروں کوعہدوں میں تنزلی، سروس کی ضبطگی،سالانہ ترقیاں روکنے اور سنشور سمیت مختلف سزائیں دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے آرڈرلی روم میں مختلف پولیس اہلکاروں کے شوکاز نوٹسسز کے جوابات سنتے ہوئے مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکامی، اختیارات سے تجاوز اور فرائض میں غفلت برتنے پرانویسٹی گیشن مغلپورہ کے سب انسپکٹر محمد مالک،سب انسپکٹر محمد اسلم، انویسٹی گیشن ڈیفنس Bکے اے ایس آئی کوثر علی اور انویسٹی گیشن فیصل ٹاؤن کے اے ایس آئی پرویز اختر کو ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ جبکہ اختیارات سے تجاویز کرپشن، شہریوں سے بدسلوکی اور ناقص تفتیش پر انویسٹی گیشن مغلپورہ کے سب انسپکٹر محمد اسلم، انویسٹی گیشن ڈیفنسAکے سب انسپکٹر محمد اکمل اور انویسٹی گیشن مصطفی ٹاؤن کے سب انسپکٹر طارق محمود کے عہدوں میں تنزلی کرتے ہوئے انہیں اے ایس آئی بنا دیا ہے۔ اسی طرح مال مقدمہ کی برآمدگی میں ناکامی، اختیارات سے تجاوز، ملزموں کا ریکارڈ عدالتوں میں پیش کرنے میں تاخیر اورملزمو ں کی پشت پناہی کرنے پرانچارج انویسٹی گیشن جوہر ٹاؤن انسپکٹر عمران یٰسین، انچارج انویسٹی گیشن گجر پورہ انسپکٹر محمد عنیق ، انچارج انویسٹی گیشن برکی سب انسپکٹر سرور، انچارج انویسٹی گیشن مزنگ سب انسپکٹر عباس علی کو دو دو سال کی سروس ضبطگی کی سزائیں دی ہیں۔جبکہ انویسٹی گیشن برکی سب انسپکٹر محمد سرورکو عدالت میں طلبی کے باوجود دانستہ طور پر پیش نہ ہونے پر ایک سال کی سالانہ ترقی روکنے کی سزا دی ۔ مقدمات کے اندراج میں تاخیر، اختیارات سے تجاوز پر انویسٹی گیشن مزنگ سب انسپکٹر عباس علی، اینٹی وہیکل سٹاف اقبال ٹاؤن کے سب انسپکٹر بشارت علی، اینٹی وہیکل سٹاف ماڈل ٹاؤن کے سب انسپکٹرطارق بشیر، سب انسپکٹر محمد ناصر، اینٹی وہیکل سٹاف سول لائنز کے اے ایس آئی محمد نواز کو سنشور کی سزائیں دی ہیں۔

مزید : علاقائی