ایس پی سول لائنز نے نجی ٹارچر سیل سے 2 مبینہ چور بازیاب کرلئے ایس ایچ او شالیمار معطل

ایس پی سول لائنز نے نجی ٹارچر سیل سے 2 مبینہ چور بازیاب کرلئے ایس ایچ او ...

 لاہور(کرائم سیل)تھانہ شالیمار کے نجی ٹارچر سیل پر ایس پی سول لائنز نے چھاپہ مار کر دو مبینہ موبائل چور بازیاب کر لیے اور ایس ایچ او شالیمار کو معطل کر کے رپٹ نمبر 39 درج کر کے تھانہ سول لائن میں بند کر دیا۔ذرائع کے مطابق ایس پی سول لائنز کو اطلاع ملی کہ ایس ایچ او تھانہ شالیمار خالد فاروق نے دو لڑکوں کو ایک نجی ٹارچر سیل میں بند کر رکھا ہے۔ایس پی سول لائنز امتیاز سرور اپنے گن مینوں کے ساتھ خود وہاں پہنچ گئے اور وقاص اور بلال نامی لڑکوں کو برآمد کر کے تھانہ شالیمار لے آئے جہاں ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ان ملزموں کے باقی ساتھی گرفتار کرنے کے لیے انہیں باہر رکھا گیا تھا، ان سے 5موبائل برآمد ہوئے ہیں ۔ ایس پی سول لائنز امتیاز سرور نے تھانہ شالیمار میں رپٹ نمبر 39درج کروائی کہ ایس ایچ او نے ان لڑکوں کو غیر قانونی طور پر نجی ٹارچر سیل میں رکھا ہوا تھا،اس لیے اس کو معطل کیا جاتا ہے۔ایس ایچ او خالد فاروق کے مطابق بیلف کے خطرے کے تحت ان لڑکوں کو باہر رکھا گیا تھا۔

مزید : علاقائی