حکومت ہر سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات یقینی بنا رہی ہے،اعجاز عالم

حکومت ہر سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات یقینی بنا رہی ہے،اعجاز عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک بھر میں ہر سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام ڈینگی کے حوالے سے یونیک گروپ کے ڈاکٹر نثار احمد آڈیٹوریم میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں صحت اور تعلیم کے شعبے یکسر نظر انداز ہوئے جس کے باعث عام شہری صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں ڈینگی کا مرض عام ہواجبکہ موجودہ حکومت مرض پر قابو پانے کے لیے آگاہی مہم کے ذریعے مرض سے متعلق شعور اجاگر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گندگی اور صفائی کے ناقص نظام کے باعث مرض پر قابو پانا اور اس کے پھیلاؤ کو روکنا ممکن نہیں رہتا اور اسی حوالے سے فروری اور مارچ کے مہینوں میں عوام کو نا صرف آگاہی فراہم کی جائے گی بلکہ ماحول کو صاف اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے اہم اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسرامجد علی خان نے کہا کہ یونیک گروپ اپنے طلبا کو مختلف ایشوز پر آگاہی فراہم کرتا رہتا ہے جس کا مقصد طلبا کی ذہنی نشونما کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف امراض کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد صرف نصابی ضروریات کو پورا کرنا ہی نہیں بلکہ طلبا کی دیگر شعبوں میں تربیت بھی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا مستقبل کے معمار ہیں ان کی مثبت تربیت ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔تقریب سے سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور ڈاکٹر ارشاد احمد نے بھی خطاب کیاجبکہ ڈینگی کے مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹر محمد عامر اسلم نے خصوصی لیکچر دیا۔اس موقع پرڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر وسیم انور چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیسر جہانزیب انور ملک اور سماجی رہنما عفیف اشرف صدیقی کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔