ویمنز ٹی 20ورلڈکپ: قومی ٹیم آج پہلا گروپ میچ ویسٹ انڈ یز کیخلاف کھیلے گی
کینبرا(آئی این پی)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنے سفر کا آغاز(آج) بدھ کو کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔17 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کْل 23 میچز کھیلے جائیں گے جہاں دنیا بھر کے 10 بہترین ممالک کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کی اس جنگ میں صف آراء ہوں گی۔ میزبان آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا کے چار شہروں، سڈنی، پرتھ، کینبرا اور میلبرن میں کھیلا جائے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ بی میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم 26 فروری کو کینبرا میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم سڈنی روانہ ہوجائے گی جہاں وہ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اب تک کھیلے گئے تمام آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کی ہے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پرامید ہے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپنر انعم امین کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شرکت پر بہت پرجوش ہیں، ابتدائی طور پر ان کا ہدف پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلوانا ہے۔ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ فی الحال خواتین باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں تیرہویں نمبر پر موجود ہیں مگر وہ شاندار باؤلنگ کے ذریعے دنیائے کرکٹ کی دس بہترین خواتین اسپنرز میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔انعم امین نے کہاکہ انہیں بچپن سے کرکٹ سے محبت ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر محلے کے لڑکوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنا شروع کی، والدہ کی ڈانٹ کے باوجود کھیل سے لگن ان کے شوق کی پذیرائی کا سبب بنی۔ اسپنر نے کہاکہ اس دوران ان کے دادا نے انہیں بھرپور اسپورٹ فراہم کی۔