کراچی،نیول چیف نے ا سکول کی از سر نو تعمیر کردہ عمارت کا افتتاح کیا

کراچی،نیول چیف نے ا سکول کی از سر نو تعمیر کردہ عمارت کا افتتاح کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول سٹاف نے بابا آئی لینڈ میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن پرائمری اسکول اور خان بہادر غلام نبی اسکینڈری اسکول کی ازسر نو تعمیرکردہ عمارت کا افتتاح کیا۔نیوی لیگ نے اپنی سماجی بہبود کی سرگرمیوں کے تحت اسکول کے انتظامی معاملات کی ذمہ داری اپنے ذمے لے رکھی ہے۔ کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل زاہد الیاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نیوی لیگ کی تشکیل 2001 میں ریٹائرڈ نیول افسران کی بہبود اور ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کی گئی تھی جو کہ دیگر سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ اسی تناظر میں 2004 میں نیوی لیگ نے سندھ ایجوکیشن فاونڈیشن کے ذریعے اس اسکول کے انتظامات اور اخراجات کا بیڑہ اپنے سر لے لیا۔ 2004 کے بعد سے اسکول میں طلباء اور اساتذہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، علاوہ ازیں اسکول میں موجود تعلیمی سہولیات میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ ابتدا میں اسکول میں 10 اساتذہ اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ 150 کے قریب طالب علم زیر تعلیم تھے جبکہ اب یہ تعداد کم و بیش 800 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اساتذہ کی تعداد بھی 31 ہے۔علاوہ ازیں مقامی افراد پر مشتمل اسکول کے اساتذہ کو مزید تربیت اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے خاطر خواہ مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں جس کے تحت انہیں مختلف این جی اوز اور اداروں بشمول سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ٹیچرز ریسورس ٹریننگ سینٹر، بحریہ یونیورسٹی، پاکستان بحریہ، انفاق فاؤنڈیشن اور لٹریٹ پاکستان میں تربیت دی جاتی ہے۔اسکول کی نو تعمیر کردہ عمارت کی افتتاحی تقریب میں سیکرٹری ایجوکیشن سندھ سمیت حاضر اور ریٹائرڈ نیول افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -