سماجی ناانصافیوں کی نشاندہی مسائل کے حل میں مدد دیتی ہے: گورنر سندھ 

    سماجی ناانصافیوں کی نشاندہی مسائل کے حل میں مدد دیتی ہے: گورنر سندھ 

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میڈیا کو حکومت کے مثبت اقدامات کی تشہیر کرنا چاہیے تاکہ اچھی خبریں عوام تک پہنچ سکیں اور وہ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں منعقدہ عالمی میڈیا کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں مثبت پیغام پھیلانا چاہیے کیونکہ  منفی خبر سے صرف دشمنوں کو فائدہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا فلاحی ریاست کی تشکیل  میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ سماجی انصاف اور اس ضمن  میں میڈیا کا کردار ایک بہت اہم مضمون ہے کیونکہ جب میڈیا سماجی ناانصافیوں اور انصاف کی عدم فراہمی کی نشاندہی کرتا ہے تو اس سے حکومت وقت کو ان کے ازالے کے لئے اقدامات کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن ریاست مدینہ قائم کرنا ہے کیونکہ ریاست مدینہ تاریخ کی سب سے بہترین ریاست تھی جو انصاف پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا احساس پروگرام ریاست مدینہ بنانے کی طرف ایک اہم اقدام ہے اور اس کے ذریعہ غربت مٹانے میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جو نوجوان اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں وہ کامیاب  جوان پروگرام کے تحت 50 لاکھ روپے تک کا قرضہ لے سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں بہت مواقع ہیں، نوجوان نسل کو اللہ پر بھروسہ اور محنت کرنی پڑے گی۔ گورنر سندھ نے اس دو  روزہ کانفرنس کے منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر منعقدہ اس کانفرنس سے کئی اہم مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے سفارشات کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 

مزید : صفحہ اول