پنجاب کابینہ نے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کی منظور ی دیدی

پنجاب کابینہ نے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کی منظور ی دیدی

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس کے کمیٹی روم میں پنجاب کابینہ کا 26واں اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ترمیمی ایکٹ 2007کے سیکشن 2(S)، 21 اور 38 میں ترامیم کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ترمیمی ایکٹ 2007 میں ترمیم کی منظوری دے دی،جس کے تحت صوبے میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے غیر قانونی شکار پر جرمانے اور سزاؤں کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ یکم نومبر 2020 سے شروع ہونے والے ہنٹنگ سیزن سے قبل غیر قانونی شکار پر جرمانے اور سزائیں مزید بڑھائی جائیں گی۔اجلاس میں صحرائے چولستان میں سرپلس کالے ہرن، چنکارا اور نیل گائے کے شکار کی اجازت دینے کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے 62 سرپلس کالے ہرن، 21 چنکارا اور 27 نیل گائے کے شکار کی اجازت دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں دی پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ترمیمی ایکٹ 2019 کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پنجاب فشریز رولز 1965 میں ترمیم کی منظوری موخر کردی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جن ڈیمز سے پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے وہاں پر ماہی پروری کے باعث پانی آلودہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں لہذااس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور محکمہ آبپاشی، صحت، پبلک ہیلتھ اور دیگر سٹیک ہولڈرز تمام جزئیات کا جائزہ لے کر اگلے کابینہ اجلاس میں حتمی سفارشات پیش کریں۔اجلاس میں کرونا وائرس کے باعث ہمسایہ ملکوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں ضروری حفاظتی تدابیر پر موثر انداز میں عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ صحت کامزید سٹاف ایئرپورٹس پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہمسایہ ممالک خصوصاً چین اورایران سے درآمد ہونے والی کھانے پینے والی اشیاء کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اس ضمن میں میٹنگ کرکے امور کا جائزہ لیں اور پیشگی اقدامات اٹھائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ برس کے دوران عوام کی خدمت کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور ہر فیصلہ مشاورت کے ساتھ کیا گیا ہے اور کیا جائے گا۔صوبے میں ون مین شو کے غلط کلچر کو اکھاڑ پھینکا ہے۔مشاورت سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں۔عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔حکومت کے بر وقت اقدامات اور بہترین فیصلوں سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ پرائس کنٹرول کیلئے سیاسی و انتظامی ٹیم پہلے سے زیادہ جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔مافیا جہاں بھی موجود ہے، اسے کچلنا ضروری ہے۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 24 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

کابینہ

مزید : صفحہ اول