ریلی روسو اور خوشدل شاہ کی عمدہ بیٹنگ، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں ملتان سلطانز نے ریلی روسو اور خوشدل شاہ کی عمدہ اننگز کی بدولت پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو حیدر علی کے علاوہ تمام کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 18.3 اوورز میں محض 123 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی۔
حیدر علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں ٹام بینٹن 4، کامران اکمل 15، شعیب ملک 2، لائم لیونگ سٹون صفر، وہاب ریاض 9، لائم ڈاﺅسن 22، حسن علی 8، ڈیرین سیمی 2 اور محمد عامر خان 7 رنز بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3.3 اوورز میں صرف 13 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد عرفان اور محمد الیاس نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہد خان آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ابتدائی طور پر لڑکھڑائی اور محض 10 کے مجموعی سکور پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جبکہ 47 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے تھے تاہم ریلی روسو، ذیشان اشرف اور خوشدل شاہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔
ریلی روسو نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے اور خوشدل شاہ نے 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی عمدہ اور ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں ذیشان اشرف 12، جیمز وینس 5، معین علی 2 اور شان مسعود 8 رنز بنا سکے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وینس، ریلی روسو، معین علی، ذیشان اشرف، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان شامل تھے۔
پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بینٹن، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، لیونگ سٹون، لائم ڈاﺅسن، وہاب ریاض، حسن علی، محمد عامر خان اور راحت علی شامل تھے۔