پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ہمسایہ ممالک میں پھیلے کرونا وائرس نےپاکستان میں بھی اپنی موجودگی کاپتادے دیا،پاکستان میں کروناوائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کا رہائشی بائیس سالہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق کرونا وائرس سے متاثر نوجوان کا نام یحییٰ جعفری ہے جوکہ ایران سے بذریعہ ہوائی جہاز واپس کراچی پہنچا تھا اور اسے طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا۔ان کے مطابق متاثرہ نوجوان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ پوزیٹیو آیا ہے جس کے بعد آغا خان ہسپتال کے حکام نے محکمہ صحت سندھ اور دیگر قومی اداروں کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثر نوجوان کو آغاخان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں پر اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک کے کئی علاقوں سے کرونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ مریضوں کے سیمپل قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے گئے ہیں جن میں سے چار سے پانچ ہاٹ کیس ہیں۔پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد لوگوں میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے کیونکہ پاکستان میں اس وقت وقت متعدی امراض سے بچا کے لئے مخصوص پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ بشمول ماسکس اور دیگر اشیا کی شدید قلت ہے۔
دوسری جانب حکام نے ایف آئی اے کی مدد سے 20 فروری کو ایران سے آنے والی فلائٹ کے مسافروں کو ڈھونڈنا شروع کردیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔