حضرت علی ؓ کی ساری زندگی حضور پاکؐ سے وفاداری سے عبارت ہے،گل محمد
لاہور(سٹی رپورٹر) حضرت علی المرتضی ؓشیر خدا کے یوم مولود پر کائنات عالم کو صد مبارک اور ہدیہ تبریک و عقیدت پیش کرتے ہیں۔ امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی زندگی کا ہر لمحہ بچپن لڑکپن جوانی شباب سید دوجہاں ؐ سے وفا داری اور جانثاری سے عبارت ہے۔ شیر خدا نے اپنی حیات مبارکہ آل اولاد کنبہ قبیلہ سب اسلام اور بانی اسلام سرکار دو جہاں ؐاور ان کے دین کی بقا پر نچھاور کردیا ۔ اہل جہاں خانوادہ سرور دو جہاں ؐ کی تعلیمات،سیرت و کردار کو اپنالے تو سرفرازیوں کی درخشندہ منزل مسلم امہ کا استقبال کرے گی ان خیالات کا اظہارپاک چائنہ بزنس کمیونٹی کے صدر گل محمد مرزا نے کیا۔
امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا میدان جہاد میں انداز شجاعت مرحب ہو یا خیبر کا قلعہ ہمیشہ سرخروئی و سرفرازی کے مظہر ہیں۔ خلیفہ وقت کی ذمہ داریاں ہو تو شاندار فیصلے انصاف کے توازن حکمت کے عکاس نظر آتے ہیں۔ کعبتہ اللہ میں ولادت سے مسجد کوفہ میں شہادت تک امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ عظمت کردار کا روشن مینار نظر آتے ہیں۔