روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو مضبوط بنانا ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

  روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو مضبوط بنانا ہے: گورنر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  کراچی(این این آئی)گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے محض 5 ماہ کی قلیل مدت میں متاثر کن نتائج دیئے ہیں،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ وزیر اعظم عمران خان کا تصور ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کا وطن سے تعلق مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان کے بینکاری اور ادائیگیوں کے نظام سے ڈیجیٹل طور پرمنسلک کرنے کی غرض سے متعارف کرائے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے محض 5 ماہ کی قلیل مدت میں متاثر کن نتائج دیئے ہیں۔ اب تک90,000 سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں اور 550 ملین امریکی ڈالرز سے زائد ملک بھیجے گئے ہیں جب کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اس میں مزید تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اب نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں ڈالر کے علاوہ برٹش پاؤنڈ اور یورو میں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز دبئی اسلامک بینک کی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سہولت سے منسلک ہونے کی تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کررہے تھے۔ڈاکٹر رضا باقر نے پاکستانی تارکین وطن کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پیش کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا 10 واں پارٹنر بننے پر دبی اسلامی بینک کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔دریں اثنا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری میں دنیا کے  96 ملکوں میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں پر بازی لے گئے۔ ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت، ٹیکسوں میں مراعات اور سرٹیفکیٹ پر موزوں منافع کے پیش نظر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ منتقل کر رہے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بنک

مزید :

صفحہ آخر -