سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس 603.05پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر 40پیس، سونا 350روپے تولہ سستا
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 603.05پوائنٹس کے اضافے سے 45965.63 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 68.75فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری 83ارب46کروڑ73لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت سے 15.88فیصد کم رہا۔گزشتہ روز کاروبار کے آغاز سے ہی نئی سرمایہ کاری کا زبردست رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث تیزی رہی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس46ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے46007.92پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان آخر تک غالب رہا ورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس603.05پوائنٹس کے اضافے سے45965.63پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس314.87پوائنٹس کے اضافے سے19199.15پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس320.62پوائنٹس کے اضافے سے31647.87پوائنٹس کی سطح پر جاپہنچا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر416کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 286کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،111میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں بڑھنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت81کھرب 78ارب99کروڑ26لاکھ روپے سے بڑھ کر 82کھرب62ارب45کروڑ99لاکھ روپے ہوگئی۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میں رفحان میظ کے حصص کی قیمت 488روپے کے اضافے سے10200روپے اور نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 54.62روپے کے اضافے سے6204.62روپے ہوگئی جب کہ فلپ موریس پاک69.90روپے کی کمی سے1330روپے اور سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت 59روپے کی کمی سے1ہزار روپے ہوگئی۔ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر مزید کم ہوگئی اور انٹر بینک میں ڈالر 158.40روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158.60روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 40پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید158.75روپے سے گھٹ کر158.35روپے اور قیمت فروخت158.85روپے سے گھٹ کر158.40روپے ہو گئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 40پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید158.70روپے سے گھٹ کر158.30روپے اور قیمت فروخت158.90روپے سے گھٹ کر158.60روپے پر آگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید191.50روپے سے بڑھ کر 192.30روپے اور قیمت فروخت193روپے سے بڑھ کر193.50روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید222.50روپے سے بڑھ کر222.60روپے اور قیمت فروخت224.50روپے سے گھٹ کر224روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 350روپے کی کمی سے1لاکھ10ہزار300روپے ہوگئی۔آل صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت19ڈالر کی کمی سے1790ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 350روپے کی کمی سے1لاکھ 10ہزار300روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 94ہزار564روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1420روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ