قوم عمران خان کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آگئی،مولا بخش چانڈیو
کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت بکھر چکی، سہارے چھن گئے، عمران خان کو اب خود حکومت اور پارٹی چلانی پڑ رہی ہے تو کچھ بھی نہیں چل رہا۔سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ سے خیبر پختونخوا تک تحریک انصاف میں عمران خان کے خلاف بغاوتیں اٹھ چکی ہیں۔ جس جماعت اور اتحاد کی بنیاد ہی جبر تھی تو ٹوٹنا تھا اور ٹوٹ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے قوم عمران خان کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آگئی، اب ان کے اپنے ارکان ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ جھوٹے وعدوں اور ادھار کے سہارے پر بنا اقتدار زیادہ دیر قائم نہ رہنا تھا، نہ رہ پائے گا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ میں تو بڑے عرصے سے کہہ رہا تھا کہ کٹھ پتلیوں کا اتحاد ریت کی محل کی طرح ڈھیر ہو جائے گا۔ اپنے ہی ارکان پر عدم اعتماد دراصل عمران خان کیخلاف ہی عدم اعتماد کی ایک شکل ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان شکست سے بچنے کیلئے ادھر، ادھر بھاگتے رہے، مگر اب ان کو کہیں سے مدد نہیں مل رہی۔
مولا بخش چانڈیو