حلیم عادل شیخ پر تشدد کی کہانی سب ڈرامہ ہے، جام اکرام دھاریجو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اسمبلی بلڈنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر حلیم شیخ پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔ حلیم شیخ نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے یہ سب ڈرامہ رچایا ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ سانپ کہاں سے آیا۔اس کو مارنے کے لئے ڈنڈا کہاں سے آیا۔ سب ڈرامے کا حصہ ہیں۔ لکھنے والوں نے بہت کمزور اسکرپٹ پر ڈرامہ رچایا ہے جو ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی فروخت کی خبروں پر تشویش ہے۔ لیاقت جتوئی کے سیف اللہ ابڑو پر الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما ہی اپنی پارٹی پر الزامات لگا رہے ہیں۔ جس سے ان کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ تحریک انصاف دراصل اے ٹی ایم پارٹی ہے۔ جس کی بنیاد جھوٹ اور منافقت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا نعرہ لگانے والی تحریک انصاف خود ہی جمہوری اقدار کو پامال کررہی ہے جو افسوناک عمل ہے۔