وفاق میں یوسف رضا گیلانی سینٹ میں متفقہ امیدوار،26مارچ کو مارچ کا فیصلہ حتمی، پی ڈی ایم
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈسکہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سراہا گیا،پی ٹی آئی کی جانب سے حلقے کھولنے کی شدید مذمت کی گئی، وفاق میں یوسف رضا گیلانی سینٹ کے متفقہ امیدوار قرار جبکہ26مارچ کو اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پی ڈی ایم کے ترجمان و کمیٹی رکن میا ں افتخار نے کہا 26مارچ کو اسلام آباد مارچ کا آغاز ہوگا صوبوں سے قائدین اسلام آباد پہنچیں گے، صوبوں سے آنیوالوں کی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کرینگے، صوبوں سے ہی جلوس کی شکل میں قافلے لائے جائینگے،مر کز ی قافلہ اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریگا۔ ڈسکہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں، پی ٹی آئی اب کہاں ہے جب کھلم کھلا دھاندلی ہوئی۔ اراکین کمیٹی کا کہنا تھا وفاق میں یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پوری کوشش کرینگے، یوسف رضا گیلانی کی کامیابی بڑی فتح ہوگی،وہ جس عہدے پر بھی رہے ا نکا کردار اہم رہا،انہیں کسی آزمائش میں نہیں ڈالا،جو کردار کے بہتر ہونگے وہ ہمارا ساتھ دینگے۔ ہم نے جمہوری لوگوں کو موقع دیا وہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیں۔ میڈیکل سیٹوں کے حوالے سے گزشتہ حکومتوں نے جو کوٹہ دیا وہ موجودہ حکومت نے منسوخ کر دیا،165 سیٹیں ختم کر کے اس حکومت نے احساس محرومی کو جنم دیا ہے۔نیب کے حوالے سے سپریم کو ر ٹ کہہ چکی اس کی افادیت ختم ہو چکی،نیب اب جانبدار ہو چکی اور اس کی کوئی حیثیت نہیں۔پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا سینیٹ انتخابات کیلئے اپوزیشن متحرک ہے،عددی برتری کا اس وقت پتہ چلے گا جب بکسے کھلیں گے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے اپوزیشن متحرک ہے، صحافی نے سوال کیا ایم کیو ایم والے کہتے ہیں زرداری صاحب زر اور زور سے ممبران کو ڈرا رہے ہیں۔ پرویز اشرف نے کہا پاکستانی سیا ست میں اس طرح کے بیانات افسوسناک ہیں،ایسے بیانات ملکی سیاسی ماحول خراب کرتے ہیں، شائستگی اور رکھ رکھاؤ کی سیاست ہی بہتر مستقبل کی طرف لے جا سکتی ہے،تین مارچ کو یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے پر امید ہیں۔بعدازاں پی ڈی ایم انتظامی کمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پی ڈی ایم انتظامی کمیٹی سفارشا ت پر حتمی لائحہ عمل تیار کرے گی۔دھرنا ڈی چوک اور فیض آباد کے علا وہ دیگر جگہوں پر بھی ہوگا، حکومت اتنی ننگی ہو چکی ہے اسے کسی بات کا اثر نہیں ہوتا۔اخلاقی طور پرحکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، دباؤ پڑیگا تو اندازہ ہو جائیگا۔ ضمنی انتخابات میں حکو مت بری طرح شکست کا سامنا کر چکی ہے، کرم میں ہمارا امیدوار جیتا ہوا تھا اور پی ٹی آئی کے امیدوار کو تیسری سے پہلی پوزیشن پر لایا گیا، سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم اتحاد کامیاب ہوگا۔ یوسف رضا گیلانی کامیاب ہونگے ان پر بھروسہ ہے۔ پوری پی ڈی ایم یوسف رضا گیلانی کیساتھ ہے۔
پی ڈی ایم