ادھر آؤ میں تمہیں دیکھ لیتاہوں، سندھ اسمبلی میدان جنگ بن گئی، اراکین آپس میں گتھم گتھا

 ادھر آؤ میں تمہیں دیکھ لیتاہوں، سندھ اسمبلی میدان جنگ بن گئی، اراکین آپس ...
 ادھر آؤ میں تمہیں دیکھ لیتاہوں، سندھ اسمبلی میدان جنگ بن گئی، اراکین آپس میں گتھم گتھا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)  سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین آپس میں گتھم گتھا ہوگئے،  سپیکر رولنگ دیتے رہے مگر اراکین اسمبلی نے ان کی ایک نہ سنی, کسی نے سندھ کو شراب خانوں میں بدلنے کا بیان داغا تو کسی نے باسی کھانا کھلانے کا الزام لگایا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن اور حکومتی ارکان میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، اپوزیشن رکن خرم شیر زمان نے صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ پر الزام عائد کیا کہ تم نے پورے سندھ کو شراب خانوں میں تبدیل کردیا ہے، جواب میں مکیش چاولہ نے خرم شیر زمان پر لوگوں کو باسی کھانا کھلانے کا الزام عائد کیا۔

جواب میں حکومتی رکن تیمور تالپور نے خرم شیرزمان کو دھمکی دی کہ ادھر آؤ میں تمہیں دیکھ لیتاہوں، دونوں ارکان میں سخت جملوں کا تبادلہ جاری تھا کہ پی ٹی آئی کے رکن سعید آفریدی بھی میدان میں آئے اور کہا کہ یہ ابھی اسمبلی میں دھمکیاں دےرہےہیں باہرپتہ نہیں کیاکرینگے، جس پر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ چوروں کے ٹولوں کو بولو تمیز سےبات کریں۔

اجلاس میں خرم شیر زمان نے  سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کا ماحول خراب ہورہاہے اس کو کنٹرول کریں، ایک وزیر کھڑے ہوکربدتمیزی کررہےہیں، جس پر آغا سراج درانی نے کہا کہ میں تو کنٹرول کررہا ہوتا ہوں، آپ لوگ آؤٹ آف کنٹرول ہوجاتے ہیں، آپ لوگ لیڈر شپ پر کیوں جاتے ہیں، منسٹر آف ٹیکنالوجی کو کہناپڑےگا آپ سب کیلئے چپ بنائیں۔

بعد ازاں سپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے تمام اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سیٹوں پر بیٹھ جائیں اور جس رکن نے ماسک نہیں پہنا وہ باہر جائیں، اگر آپ لوگ چاہتے ہیں ہاؤ س نہیں چلے تو ملتوی کرتے ہیں، اسمبلی کی کارروائی کو عوام بھی دیکھ رہی ہے، تمام اراکین اسمبلی طریقہ کار کو فالو کریں۔