محمد حفیظ کے عمدہ 60 رنز، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو اتنا ہدف دیدیا کہ یقین نہ آئے 

محمد حفیظ کے عمدہ 60 رنز، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو اتنا ہدف دیدیا کہ ...
محمد حفیظ کے عمدہ 60 رنز، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو اتنا ہدف دیدیا کہ یقین نہ آئے 
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ساتویں میچ میں لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 158 رنز کا ہدف دیدیا ہے، ان فارم سینئر آل راﺅنڈر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 35 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی سکور پر یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز آؤٹ ہو گئے۔ لیگ سپنر عثمان قادر نے سہیل اختر کو کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ کروایا تو اگلے اوور میں شاہنواز دھانی نے فخر زمان کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، انہوں نے 11 گیندوں پر نو رنز بنائے۔ 

ابتدائی نقصان کے بعد ان فارم سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ملتان سلطانز کے باؤلرز پر ایسا لاٹھی چارج شروع کیا کہ لاہور قلندرز کو میچ میں واپس لے آئے۔ انہوں نے جو ڈینلی کیساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 106 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر جو ڈینلی کارلوس بریتھ ویٹ کا شکار بنتے ہوئے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 29 گیندوں پر دوچھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ جارح مزاج ’ببل گم‘ آل راؤنڈر بین ڈنک بھی صرف ایک سکور کے مہمان ثابت ہوئے اور عثمان قادر کی گیند پر شاہد آفریدی نے ان کا کیچ لیا۔ 

محمد حفیظ نے گزشتہ میچز کی طرح آج بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 35 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 122 کے مجموعی سکور پر وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ اننگز کے سترہویں اوور میں سمت پٹیل نے کٹ شاٹ کھیلی اوررن لینے کیلئے کریز سے باہر نکلے جس پر دوسرے اینڈ پر موجود محمد حفیظ نے بھی پوری قوت سے دوڑ لگا دی تاہم سمت پٹیل نے اپنا ارادہ بدل لیا اور محمد حفیظ کو آدھی کریز سے واپس جانا پڑا مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور ملتان سلطانز نے انہیں رن آؤٹ کر دیا۔ لاہور قلندرز کا سکور 141 پر پہنچا تو ڈیوڈ ویزے کی صورت میں اسے چھٹا نقصان برداشت کرنا پڑا جنہوں نے آٹھ گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔ سمت پٹیل نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے تین رنز کی اننگز کھیلی۔ 

ملتان سلطانز کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تاہم کارلوس بریتھ ویٹ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 20 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاہنواز دھانی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان قادر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، جو ڈینلی، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد سلمان مرزا شامل ہیں۔ 

ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل خان، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔ 

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -اہم خبریں -