محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ ،ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی 

محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ ،ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی 
محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ ،ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی 
سورس:   Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158رنز کا ہدف دیا جسے ملتان سلطانز نے کپتان محمدرضوان کی شاندار کار کردگی کے باعث سترہویں اوور میں حاصل کرلیا ۔محمد رضوان نے 49گیندوں پر 76سکور بنائے ۔

قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں محمد حفیظ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی سکور پر یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز آوٹ ہو گئے۔ لیگ سپنر عثمان قادر نے سہیل اختر کو کارلوس بریتھ ویٹ کے ہاتھوں کیچ کروایا تو اگلے اوور میں شاہنواز دھانی نے فخر زمان کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، انہوں نے 11 گیندوں پر نو رنز بنائے۔ 

ابتدائی نقصان کے بعد ان فارم سینئر آل راونڈر محمد حفیظ نے ملتان سلطانز کے باولرز پر ایسا لاٹھی چارج شروع کیا کہ لاہور قلندرز کو میچ میں واپس لے آئے۔ انہوں نے جو ڈینلی کیساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 106 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر جو ڈینلی کارلوس بریتھ ویٹ کا شکار بنتے ہوئے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 29 گیندوں پر دوچھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ جارح مزاج ’ببل گم‘ آل راونڈر بین ڈنک بھی صرف ایک سکور کے مہمان ثابت ہوئے اور عثمان قادر کی گیند پر شاہد آفریدی نے ان کا کیچ لیا۔ 

محمد حفیظ نے گزشتہ میچز کی طرح آج بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 35 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 122 کے مجموعی سکور پر وہ رن آوٹ ہو گئے۔ اننگز کے سترہویں اوور میں سمت پٹیل نے کٹ شاٹ کھیلی اوررن لینے کیلئے کریز سے باہر نکلے جس پر دوسرے اینڈ پر موجود محمد حفیظ نے بھی پوری قوت سے دوڑ لگا دی تاہم سمت پٹیل نے اپنا ارادہ بدل لیا اور محمد حفیظ کو آدھی کریز سے واپس جانا پڑا مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور ملتان سلطانز نے انہیں رن آوٹ کر دیا۔ لاہور قلندرز کا سکور 141 پر پہنچا تو ڈیوڈ ویزے کی صورت میں اسے چھٹا نقصان برداشت کرنا پڑا جنہوں نے آٹھ گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے جبکہ سمت پٹیل نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے تین رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے تمام باولرز نے ہی نپی تلی باولنگ کا مظاہرہ کیا تاہم کارلوس بریتھ ویٹ سب سے کامیاب باولر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 20 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاہنواز دھانی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان قادر ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

 میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے لاہور قلندرز کے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی کرس لین کو کلین بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔چوتھے اوور میں حارث روف نے جیمز وینس کو آوٹ کیا جو صرف پانچ رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئے ۔محمد رضوان شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 76رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔صہیب مقصود 61رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے اور یوں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف سترہویں اوور میں حاصل کیا ۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -