امریکی صدر بائیڈن نے پہلی مرتبہ عرب ملک پر بم برسا دئیے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے فوجیوں پرراکٹ حملوں کے انتقام میں مبینہ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو تنظیم کے اڈے پر بم برسا دیئے۔میل آن لائن کے مطابق امریکی فوج کی طرف سے شام کے سرحدی علاقے البوکمل میں بارڈر کراسنگ پر واقع ایک سٹرکچر کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر ایرانی حمایت یافتہ تنظیم کا اڈا تھا۔ شام و عراق میں لڑنے والے جنگجو اسی بارڈر کراسنگ کے راستے ہتھیار سمگل کرکے لاتے ہیں۔اس بارڈر کراسنگ پر امریکہ کی طرف سے 7بم گرائے گئے جن میں جنگجو تنظیم کے 17فائٹرز ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے عراق میں امریکی فوجیوں کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک جبکہ متعدد امریکی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ البوکمل کی بارڈر کراسنگ پر حملہ امریکی فوجیوں پر ہونے والے اس حملے کے بعد امریکہ کی طرف سے پہلی انتقامی کارروائی ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ شام و عراق میں جوبائیڈن انتظامیہ کی طرف سے کی جانے والی پہلی فوجی کارروائی بھی ہے۔