سی ٹی ڈی کی کراچی میں بڑی کارروائی،سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم کا قریبی ساتھی گرفتار
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے حساس اداروں کے ہمراہ کراچی کے علاقے عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیاہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سی ٹی ڈی نے حساس اداروں کے ہمراہ عزیز آباد میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا،اس ضمن میں سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار یاسین عرف بٹک عرف ڈاڈاایم کیوایم لندن کا دہشت گرد ہے جو پولیس اہلکار سمیت ٹارگٹ کنگ کی متعددوارداتوں میں ملوث ہے۔
دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ 98ء میں رحمان بھولا کی ہدایت پر پولیس اہلکارعارف اوراکبر کی ریکی کی، میری نشاندہی پرشکیل سپناگروپ نے دونوں کوفائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ 2008ٗءمیں ساتھیوں کے ہمراہ سیاسی کارکن کوقتل کیا،ملزم نے بیان میں کہا کہ رحمان بھولا کیساتھ ملکر بلدیہ ٹاؤن میں چاندگروپ کے شاکرپٹنی، رنچھوڑلائن میں ایک شخص اور یعقوب مادہ کے چھوٹے بھائی عباس مادہ کو قتل کیا، ملزم یاسین پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ سال ستمبر میں بلدیہ فیکڑی آتشزدگی کیس کا فیصلہ آٹھ برس بعد سناتے ہوئےمرکزی ملزمان زبیر چریا اور عبدالرحمان عرف بھولا کو سزائے موت جبکہ چار دیگر سہولت کاروں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی ۔