فیصل آباد میں پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ، ڈور پھرنے سے شہری جاں بحق 

فیصل آباد میں پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ، ڈور پھرنے سے شہری جاں بحق 

  

فیصل آباد(کرائم رپورٹر)فیصل آباد میں پولیس افسران کی طرف سے پتنگ بازی کو روکنے کے اعلانات اور اقدامات کا بھی عوام نے کوئی  اثر نہ لیا اور شہر کے بے شمار مقامات پر پتنگ بازی ہوتی رہی اس دوران ڈیک بھی بجتے رہے اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔اس دوران عبداللہ پور انڈر پاس کے قریب ڈور پھرنے سے شہری اکرام باری ولد عبدالمجید سکنہ نشاط آباد جاں بحق ہوگیا. جس پر وزیر اعلیٰ اورآئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔اعلیٰ حکام نے ضلع پولیس کے افسران پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا. اگرچہ ضلعی پولیس نے ایک لاکھ سے زائد پتنگوں کو قبضہ میں لینے اور خلاف ورزی کے واقعات پر 500سے زائد مقدمات درج کرنے کے دعوے بھی کیے مگر وہ منچلے پتنگ بازوں پر قابو نہ پاسکی۔ ذرائع کے مطابق پتنگ بازی کے دوران ڈور پھر نے سے حاجی آباد، بٹالہ کالونی،غلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں نصف درجن افراد زخمی بھی ہوئے کئی ایک کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق شہر بھر میں غلام آباد، مدینہ ٹاؤن، منصورہ آباد،بٹالہ کالونی،ڈی ٹائپ کالونی، حاجی آباد اور عبداللہ پور کے علاقوں میں پتنگ بازوں نے خوب پتنگ بازی کی اور ہوائی فائرنگ سے علاقے کو میدان جنگ بنائے رکھا۔

پتنگ بازی

مزید :

صفحہ آخر -