لاہور میٹروبس سروس کے 9سال مکمل، منصوبہ سبسڈی کی مدمیں 20ارب روپے ڈکار گیا 

لاہور میٹروبس سروس کے 9سال مکمل، منصوبہ سبسڈی کی مدمیں 20ارب روپے ڈکار گیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے) صوبائی دارالحکومت میں عوام الناس کو آسان،تیز ترین اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے چلنے والی میٹرو بس سروس کو 9سال مکمل ہو گئے جبکہ منصوبہ پنجاب حکومت کے سبسڈی کی مد میں 20ارب روپے بھی ڈکار گیاتاہم شاہدرہ تا گجومتہ 27کلو میٹر روٹ پرکروڑوں شہری اس سہولت سے مستفید بھی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ترکی کی طرز پر پاکستان میں بنائی گئی پہلی میٹرو بس سروس کا منصوبہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شروع کیا جس پر 25بلین سے زائد پاکستانی روپے کے اخراجات آئے ہیں اور یہ منصوبہ 2013میں مکمل ہو کر آپریشنل ہوا۔میٹرو بس سروس پر ہر ایک کلو میٹر کے بعد مجموعی طور پر 27سٹیشنز بنائے گئے ہیں اور بغیر کسی رکاوٹ کے 64بسیں روٹ پر آپریشنل ہیں۔میٹرو بس کے 18سٹیشنز زمین پر جبکہ9بریج (پل)پر بنائے گئے ہیں۔ لاہور سمیت ملک بھر سے آئے ایک لاکھ 30کے قریب مسافر میٹرو بس سروس پر سفر کرتے ہیں جس کا کرایہ 30روپے فی پسنجر رکھا گیا ہے اور یو ں پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو سستی اور تیز ترین سفری سہولیات کی مد میں سالانہ سوا 2ارب روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ میٹرو بس کے جنرل مینیجر سید عزیر شاہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مہنگائی کے اس دور میں شاہدرہ تا گجومتہ روٹ پر سفر کر نے والے شہریوں کیلئے سستی اور آرام دہ سفری سہولت کسی نعمت سے کم نہیں،میٹرو بس سروس تین منٹ سے کم کر کے سوا دو منٹ کے بعد گاڑی سٹیشن سے اپنی منزل کی طرف رواں ہو جاتی ہے۔ میٹرو بسیں ائیر کنڈیشنڈ ہو نے کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ٹرانسپورٹ رولز اور معیار کے مطابق ہیں سٹیشنزپر سکیورٹی اورصفائی کے بہترین انتظامات ہیں آئندہ ماہ سے ایک نئی کمپنی کیساتھ معاہدہ شروع ہو نے سے صفائی میں مزید بہتری آئے گی۔میٹرو بس پرپرائیویٹ کمپنی کے سکیورٹی ہیڈبہزاد بٹ کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کے مسافروں کیلئے بہترین سفری سہولیات کے ساتھ سکیورٹی کے زبر دست انتظامات ہیں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میٹرو بس کی سکیورٹی کی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔
میٹرو بس سروس

مزید :

صفحہ آخر -