یوکرین میں پھنسے طلبہ کو فوری وطن واپس لایا جائے،اسماعیل راہو

      یوکرین میں پھنسے طلبہ کو فوری وطن واپس لایا جائے،اسماعیل راہو

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے وفاق سے یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو فورا وطن واپس لانے اور سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے طلبہ کو فورا وطن واپس لایا جائے اور پاکستانی سفارت خانہ انکی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ عمران حکومت یوکرین میں پھنسے طلبہ کی ابھی تک کوئی مدد نہیں کررہی، 8 ہزار سے زائد طلبہ یوکرین میں اس وقت مشکل میں ہیں حکومت کو چاہیے انکی واپسی کے لیے فورا اقدامات کرے۔اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاقی حکومت خصوصی جہاز بھیج کر طالب علموں کو یوکرین سے پاکستان واپس لائے۔یوکرین میں پھنسے پاکستانی طالبہ نے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر دی۔یوکرین میں اس وقت پھنسے پاکستانی اسٹوڈنٹس شدید مشکلات کا شکارہیں، 500 سے زائد پاکستانی طلبا یوکرین سے انخلا کے منتظر ہیں، کیوں کہ یوکرین نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔طلبا نے کہاکہ بس اور ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے اور وہ شہر سے باہر نہیں جا سکتے۔طلبا نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ایمبیسی کی طرف سے جھوٹ بولا جا رہا ہے ہمیں یہاں سے نکالنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ایک طالب علم، گلریز ہمایوں نے کہاکہ ہم صبح سے بھوکے پیاسے میٹرو اسٹیشن میں بیٹھے ہوئے ہیں، عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ ہم سے تعاون کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -