اربن ٍایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو جدید خطوط پر فعال بنانے کا فیصلہ 

اربن ٍایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو جدید خطوط پر فعال بنانے کا فیصلہ 

  

     پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو جدید خطوط پر فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے پلان کے تحت ٹاؤن شپس کا انفراسٹرکچر سائنسی بنیادوں پر ترتیب دیا جائے گا جہاں شہریوں کیلئے صحت و صفائی اور آبنوشی سمیت بنیادی شہری سہولیات کا نظام مکمل خودکار انداز میں کام کرے گا اور اس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بھی یقینی بناکر ایسے تمام شہروں کو سیف سٹی کا درجہ دیا جائے گا اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی فیصل امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں اربن ایریاز ڈویلپمنٹ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ٹاون شپس سے متعلق امور اور مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹا کر حل کرنے اور رہائشیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا فیصل امین گنڈاپور نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دیں اور مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے جان لڑائیں تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد اور اطمینان مکمل طور پر بحال ہو اور ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیراعلی محمود خان کی ہدایات کے مطابق جلد از جلد ترقیافتہ اقوام کی صفوں میں شامل ہوں انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں اور میونسپل خدمات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سزا و جزا پالیسی کے تحت محنتی اور ایماندار افسران کی ہر طرح حوصلہ افزائی کرے گی جبکہ کام چور اور بدعنوان اہلکاروں کی سخت ترین سرزنش سے گریز نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ اداروں کی فعالیت وقت کا تقاضا ہے تاکہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام کا وزیراعظم کا خواب جلد از جلد شرمندہ تعبیر بنایا جا سکے۔

مزید :

صفحہ اول -