وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان کا پشاورکا دورہ

وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان کا پشاورکا دورہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے پشاور کے مختلف ہسپتالوں کے دورے کئے اور محکمہ صحت میں کی گئیں اصلاحات کے بارے میں زمینی حقائق جانیں۔ وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا نے معاون خصوصی کا استقبال جھگڑا میں کیا اور دونوں وزیر علی الصبح جھگڑا دیہی مرکز صحت گئے۔ وہاں سے وزیر صحت اور معاون خصوصی مولوی جی ہسپتال گئے اور ہسپتال میں کی گئیں اصلاحات بارے بریف کیا۔ فیصل سلطان نے صفائی کیلئے کنٹریکٹ پر بھرتی سٹاف کے کام کو سراہا۔ اس کے بعد وزیر صحت تیمور جھگڑا انہیں خیبر تدریسی ہسپتال لے گئے اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا۔ صحت کارڈ کاونٹر گئے، مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے ملے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے ہسپتال کے نئی تعمیر شدہ حصوں اور ان میں نصب جدید آلات و مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ معاون خصوصی برائے صحت نے پختونخوا محکمہ صحت میں کی جانیوالی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں اصلاحات کا نفاذ مشکل تھا لیکن اب ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ پختونخوا صحت کے شعبے میں دیگر صوبوں کو لیڈ کررہا ہے۔ صحت کارڈ جیسے انقلابی اقدام پر تیمور سلیم جھگڑا کو داد دینی پڑیگی۔ آج ہم پورے ملک میں صحت کارڈ کو توسیع دے رہے ہیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ  ہسپتالوں کے ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت خود مختار بنانے کا یہی مقصد تھا کہ ہر ہسپتال  اپنے رولز ریگولیشن کے مطابق مریضوں کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق  بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ  ہسپتال کو  ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجھے اس دن بے حد خوشی ہوئی جب کے ٹی ایچ کے ترقیاتی کاموں کی پذیرائی سوشل میڈیا پر  دیکھی۔ اس لئے آج خود دیکھنے کے لئے آیا ہوں۔فیصل سلطان نے  حکومت خیبر پختونخوا اور ہسپتال انتظامیہ کو انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کی۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد  ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں بہتری کے رجحان کے لئے مقابلہ کی فضاء پیدا ہو گئی ہے جو بہت اچھا اقدام ہے۔  اس سے علاج معالجے کی معیار میں مزید بہتر ی آئیگی۔  وزیر صحت  تیمور خان جھگڑا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال 50 سال پرانا ہسپتال ہے جس کی استعداد کار کو جدید تقاضوں کے مطابق لانا ایک بڑا چیلنج تھا۔ ماڈیولر آپریشن تھیٹر بھی صوبے میں صرف خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں موجود ہے۔ جو خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے انتظامیہ کے لئے بہت فخر کی بات ہے۔ جب ڈاکٹر فیصل سلطان کے ٹی ایچ کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین تھے انھی کی سوچ کے بدولت ہی ماڈیولر آپریشن تھیٹر قائم کیے گئے ہے۔

مزید :

صفحہ اول -