کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں سوئی گیس منصوبے کاافتتاح

کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں سوئی گیس منصوبے کاافتتاح

  

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کریم بلاک کمرشل زون علامہ اقبال ٹاؤن میں سوئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے اور ملحقہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا افتتاح کیا۔تحریک انصاف کے مقامی رہنما خالد محمود، ذیشان صدیقی،ملک عابد،شاہینہ کوثر،طارق سلیم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میاں محمود الرشید نے اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریم بلاک کمرشل زون گیس منصوبہ  ایک کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہوگا جس کے تحت دوانچ قطر کی ایک کلومیٹر گیس لائن کی تنصیب کے بعد اسے مرکزی پائپ  سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کی تنصیب سے علاقے میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا اور اس سے علاقے کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔

 میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ پی پی 160 میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ  جاری ہے،بھیکے وال پنڈ میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے گئے ہیں جبکہ یونین کونسل 212 علامہ اقبال ٹاؤن میں آٹھ کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

 ان منصوبوں میں واٹر سپلائی، سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ اہل علاقہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمودالرشید نے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کرائے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -