قائمہ کمیٹی برائے آبنوشی کا کرک کے تین ڈیموں کے دورے

    قائمہ کمیٹی برائے آبنوشی کا کرک کے تین ڈیموں کے دورے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبنوشی نے جمعرات کے روز ضلع کرک کے تین ڈیموں کے دورے اور ڈیموں کے معائنے کئے۔چیئرپرسن آسیہ صالح خٹک کی زیر قیادت میں دورے پر آئے وفد میں ایم پی ایز رابعہ بصری، میاں نثار گل، میر کلام اور ملک ظفر اعظم شامل تھے۔ تینوں ڈیموں کے معائنوں کے موقع پر وفد کو آبنوشی کی درجنوں سکیموں میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر سکیمیں معمولی رقوم کی لاگت سے بحال ہو سکتی ہیں۔اسی طرح کئی ٹیوب ویل شمسی توانائی میں معمولی نقص کے باعث بند پڑے ہیں جن کی مرمت و بحالی کی فوری ضرورت ہے جبکہ کئی سکیمیں لیکیج اور کئی پائپوں کی عدم موجودگی کے باعث بیکار پڑی ہیں۔اسی طرح ڈیموں اور نہروں سے متعلق مسائل بھی کمیٹی کے سامنے پیش کئے گئے۔چیئرپرسن آسیہ صالح خٹک نے ان مسائل کے جواب میں محکمہ آبنوشی کے افسران سے ان کی وضاحت سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی پشاور جاکر ان تمام منصوبوں کی تکمیل و بحالی کیلئے فوری فیصلے کرے گی اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور اداروں کی مدد حاصل کی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام آبنوشی و آبپاشی سکیموں کی تکمیل کیلئے وقت کا تعین کر کے اہداف مقرر کریں اور ان کے حل کیلئے عملی ایکشن پلان پیش کریں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ زیبی ڈیم سے گریویٹی کنکشن آئندہ ایک دو ہفتوں میں مکمل کر کے پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔تمام کمیٹی ممبران نے بھی عوام کو مطمئن کرنے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلانے کے لئے اظہار خیال کیا جبکہ معززین نے اس دور افتادہ علاقے کا دورہ کر کے یہاں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔