حکومت عالمی منڈی کی آڑ میں عوام کو لوٹنے کا منصوبہ نہ بنائے، شیری رحمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہاہے کہ حکومت عالمی منڈی کی آڑ میں عوام کو لوٹنے کا منصوبہ نابنائے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بہانا بنا کر حکومت یکم مارچ سے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 160 روپے فی لیٹر ہے۔ قیمتوں میں مزید اضافہ ناقابل قبول ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل جبکہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 113 روپے تھی، لہٰذا حکومت عالمی منڈی کی آڑ میں عوام کو لوٹنے کا منصوبہ نا بنائے۔شیری رحمن نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور عالمی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کرے۔ عوام پہلے ہی تاریخی مہنگائی سے پریشان ہیں۔