ہائی کورٹ با ر الیکشن آج،امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ
ملتان (خصو صی رپورٹر) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی وکلا ء الیکشن کے موقع پر آج ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ اور علاقائی بینچز پر کام بند رہے گا۔ الیکشن کی چار بڑی نشستوں پر 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ فرازنہ سلیمان بلامقابلہ لائبریری سیکرٹری کامیاب ہوچکی ہیں۔ اسی طرح مجلس عاملہ کی سات مخصوص نشستوں پر بھی امیدوار بلامقابلہ کامیاب ٹھہرائے جاچکے ہیں۔ اس ضمن میں ریٹرننگ آفیسر ہائیکورٹ بار الیکشن ملک سجاد حیدر میتلا کی جانب سے جاری کردہ کاغذات نامزدگی کی حتمی فہرست کے مطابق صدارت کی نشست پر دو امیدوار مدمقابل ہوں گے جن میں میں موجودہ صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سید ریاض الحسن گیلانی اور میاں عادل مشتاق کا ٹاکرا ہوگا۔ اسی طرح جنرل سیکرٹری کی دوسری اہم نشست پر چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں رانا محمد اجمل کانجو، مہر محمد حسیب قادر، محمد قاسم بن سجاد تنگوانی اور ملک ارشد حسین بھٹی مدمقابل ہیں۔ اسی طرح نائب صدر صدارت پر بھی ون ٹو ون مقابلہ ہوگا جس میں آغا محمد کاشف خان اور اورنگزیب خان بلوچ آمنے سامنے ہوں گے۔ امیدوار برائے فنانس سیکرٹری پر تین امیدواروں ملک شہزاد آرائیں، محمد شریف کرخی کھیڑا اور مشتاق حسین منجھوٹہ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ لائبریری سیکرٹری کی نشست پر فرازنہ سلیمان بلامقابلہ کامیاب قرار پاچکی ہیں۔ دوسری جانب مجلس عاملہ کی سات مخصوص نشستوں پر بھی امیدوار بلامقابلہ کامیاب ٹھہرائے جاچکے ہیں۔پولنگ کا عمل صبح 9 سے شام 5 تک جاری رہے گا نماز و کھانے کا وقفہ ایک بجے سے دو بجے تک کیا جائے گا۔پاکستان بار کونسل نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے آج ہونے والے انتخابات میں الیکشن آبزرور مقرر کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق سابق ممبر پنجاب بار کونسل ندیم احمد تارڑ کو ہائیکورٹ بار الیکشن آبزرور مقرر کیا گیا ہے، پاکستان بار کونسل نے 5 سینیر وکلا کو الیکشن کمیٹی کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے، ایڈووکیٹ عظیم الحق پیرزادہ، عرفان قادری، شوکت گھلو، چوہدری افضل شاہد اور رانا امجد محمود کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے، ہائیکورٹ بار ملتان وکلا انتخابات شفاف بنانے کے لئے الیکشن آبزرور اور کوآرڈینیٹر مقرر کئے گئے ہیں۔