روس نے مبینہ طور پر نوزائیدہ بچوں کے ہسپتال پر بم برسا دیئے، انتہائی افسوسناک تفصیلات سامنے آگئیں

روس نے مبینہ طور پر نوزائیدہ بچوں کے ہسپتال پر بم برسا دیئے، انتہائی ...
روس نے مبینہ طور پر نوزائیدہ بچوں کے ہسپتال پر بم برسا دیئے، انتہائی افسوسناک تفصیلات سامنے آگئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی فوج نے مبینہ طور پر نوزائیدہ بچوں کے ہسپتال پر بم برسا دیئے۔ برطانوی اخبار دی سن کے مطابق روسی فوج کی طرف سے یہ بمباری یوکرین کے مشرقی شہر ڈنیپرومیں واقع بچوں کے ہسپتال پر کی گئی ہے۔ حملے کے وقت اس ہسپتال میں لگ بھگ ایک درجن بچے زیرنگرانی تھے، جن میں سے بعض کی عمریں محض چند گھنٹے تھیں۔ 
ہسپتال کے نیونیٹل یونٹ کے 51سالہ سربراہ ڈاکٹر ڈینس سرکوف نے بتایا ہے کہ” جب روسی فوج نے ہسپتال پر بمباری کی تو ہسپتال کی بہادر نرسیں تمام نوزائیدہ بچوں کو اٹھا کر ہسپتال کے تہہ خانے میں بنے سٹوریج روم میں چلی گئیں۔ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ روسی فوج اس طرح ہسپتال کو بھی نشانہ بنائے گی۔خوش قسمتی سے ہسپتال میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔“
رپورٹ کے مطابق ڈنیپرو یوکرین کے ان درجنوں شہروں اور قصبات میں شامل ہے جن پر روسی فوج اب تک بمباری کر چکی ہے۔ ان شہریوں میں بڑی تعداد میں عمارتیں متاثر ہو چکی ہیں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات مل رہی ہیں۔ گزشتہ روز روسی فوج کی طرف سے بچوں کے سکولوں اور یتیم خانوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات آئی تھیں، جس کے بعدیوکرینی وزیرخارجہ دمترو کولیبا کی طرف سے روسی فوج پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔