حالات کشیدہ، یوکرین اور روس کی جنگ کیف کی گلیوں تک پہنچ گئی

حالات کشیدہ، یوکرین اور روس کی جنگ کیف کی گلیوں تک پہنچ گئی
حالات کشیدہ، یوکرین اور روس کی جنگ کیف کی گلیوں تک پہنچ گئی
سورس: Twitter

  

کیف (ڈیلی پاکستان آن لائن)  روس کے حملے کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ  یوکرین کے دارالحکومت کیف کی گلیوں تک پھیل گیا ہے۔  روسی فوج کی پیش قدمی کے ساتھ یوکرینی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق کیف میں  ہفتے کی صبح کا سورج طلوع ہوا تو فوری طور پر یہ واضح نہیں تھا کہ روسی افواج کہاں  تک پہنچ چکی ہیں، یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا کہ وہ کامیابی کے ساتھ روسی فوج کا راستہ روکے ہوئے ہیں لیکن دارالحکومت کے قریب جھڑپیں جاری رہیں۔  روسی افواج کے ہر اول  دستے  نے کیف میں یوکرین کی دفاعی لائن کو توڑنے کی کوشش کی تاکہ باقی  فوج کیلئے راستہ صاف کیا جاسکے۔

کیف کے میئر ویٹالی کلٹشکو کا کہنا  ہے کہ اب تک یوکرینی افواج نے کامیابی کے ساتھ  روس کو دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکے رکھا ہے۔ کیف کے دفاع کیلئے افواج کے ساتھ ساتھ ملٹری پولیس اور رضا کار سربکف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کیف شہر کے اندر کچھ شدت پسند کارروائیاں کر رہے ہیں اور بعض مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں۔ " صبح چھ بجے (مقامی وقت)  تک کیف کے اندر 35 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، میں سب لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پرسکون رہیں اور پناہ  ڈھونڈیں کیونکہ اب دشمن فضا سے حملہ آور ہوگا۔"

الجزیرہ کے مطابق کیف کی گلیوں میں جھڑپیں روسی افواج کے سکولوں، پلوں اور اپارٹمنٹ عمارتوں کو نشانہ بنانے کے بعد شروع ہوئیں۔  

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -بین الاقوامی -