حکمران ملک کو قسطوں میں فروخت کررہے ہیں، جماعتِ اسلامی

حکمران ملک کو قسطوں میں فروخت کررہے ہیں، جماعتِ اسلامی
حکمران ملک کو قسطوں میں فروخت کررہے ہیں، جماعتِ اسلامی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی، بدترین طرز حکمرانی اور ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو عملاً عالمی ساہوکارمالیاتی اداروں  ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا ہے ۔ حکمران اس وقت ملک کو قسطوں میں فروخت کررہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت ہی نہیں سلامتی، سا  لمیت،خود مختاری، آزادی اور دفاعی صلاحیت بھی عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے جبکہ ہماری موٹرویزاور ائیرپورٹس بھی ضمانت کے طور پر عالمی مالیاتی اداروں کے پاس رہن ہیں۔ عالمی دباؤ پر سٹیٹ بنک کو عالمی مالیاتی اداروں کی تحویل میں دے دیاگیاہے۔ 

مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوسرے روز پاس کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اشیائے صرف کی قیمتیں  تین گنا ہوچکی ہیں۔ اس وقت پاکستان کی پوری تاریخ کی بدترین مہنگائی قوم پر مسلط ہے۔ آٹا،چینی، خوردنی تیل، پٹرولیم مصنوعات، کھاد، ادویات وغیرہ کی قیمتیں متعددمرتبہ کے اضافوں کی وجہ سے آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ عوام کے گھروں کے چولہے سرد ہیں۔ لوگ بھوک کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور  ہیں۔معیشت کی گاڑی اناڑی ڈرائیور کے ہاتھوں میں تیزی سے ڈھلوان پر جاری ہے اور بد قسمتی سے اس کی بریکیں بھی فیل ہوچکی ہیں۔ 

جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کی جانب سے حکومت کو پانچ مطالبات بھی پیش کیے گئے ہیں۔

1۔  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو واپس لیاجائے۔
2۔ منی بجٹ میں عائد زائد ٹیکسوں کو ختم کیاجائے۔
3۔  گورنر سٹیٹ بنک کو برطرف کیاجائے اور سٹیٹ بنک ترمیمی بل واپس لیاجائے۔ 
4۔ حکومت سودی معیشت ختم کرے اور وفاقی شرعی عدالت کے حق سماعت کی مخالفت اور سودی قوانین کی برقراری کے اپنے موقف کو واپس لے۔
5۔  اگر حکومت آئی ایم ایف کی غلامی کاراستہ ترک کرکے بدترین مہنگائی اور سودی معیشت کاخاتمہ نہیں کرسکتی تو استعفیٰ دے کر گھر جائے تاکہ نئے انتخابات کاراستہ ہموار ہوسکے۔