مریم نواز نے تاریخ رقم کر دی

مریم نواز نے تاریخ رقم کر دی
مریم نواز نے تاریخ رقم کر دی
سورس: سکرین گریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  مسلم لیگ (ن) کی نامزد امیدوار مریم نواز  وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئیں۔انہوں نے220 ووٹ لیکر پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا  جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار رانا آفتاب  کا سکور صفر رہا ۔ 

اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو سپیکر کی جانب سے ووٹنگ کا طریقہ کار بتایا گیا لیکن سپیکر کے اعلان کے ساتھ ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا جس پر سپیکر ملک احمد خان نے انہیں خاموش رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہو گا آئین کے مطابق ہو گا لیکن اس کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ جاری رکھا اور پھر سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے۔ 

بعد ازاں سپیکر ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو منانے کا ٹاسک خلیل طاہر، عمران نذیر، سلمان رفیق، سمیع اللہ، سہیل شوکت اور علی گیلانی کو  دیا تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین ایوان میں واپس نہ آئے اور بائیکاٹ برقرار رکھا، جس پر اسپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی غیر موجودگی میں اسمبلی کارروائی کا آغاز کیا اور  پھر اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی آمد سے قبل مسلم لیگ( ن) کی رہنما مریم نواز نے جاتی امرا ءمیں دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر حاضری دی اور پھر اسمبلی کے لیے روانہ ہوئیں۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب کا کہنا ہے کہ اب بھی آمریت کا تسلسل جاری ہے، عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، ہاؤس مکمل ہی نہیں تو پراسس کیسے چلے گا۔

رانا آفتاب نے دعویٰ کیا کہ اگر آج خفیہ رائے شماری ہوتی تو سب آپ کے سامنے آجاتا۔