نریندر مودی کی سمندر میں ہندوؤں کے مقدس مقام پر پُوجا

نریندر مودی کی سمندر میں ہندوؤں کے مقدس مقام پر پُوجا
نریندر مودی کی سمندر میں ہندوؤں کے مقدس مقام پر پُوجا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز بحیرہ عرب میں غوطہ لگایا اور سمندر کی گہرائی میں قدیم دوارکا شہر کے مقام پر پُوجا کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوؤں کے نزدیک دوارکا بھگوان کرشن کا شہر تھا جو اب ڈوب گیا ہے۔بھارتی وزیراعظم کی جانب سے اپنے تجربے اور تصاویر کو شیئر کرنے کے بعد ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح نریندر مودی پانی کے اندر گئے اور پُوجا کے لیے بیٹھ گئے۔
زعفرانی کرتہ اور پاجامہ پہنے، سر پر بحریہ کی ٹوپی کے ساتھ، نریندر مودی نے سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے مورپنکھ (مور کے پر) بھی پکڑے ہوئے تھے جو وہ سمندر میں غوطہ لگانے کے دوران اپنے ساتھ لے کر گئے۔نریندر مودی نے غوطہ خوروں والا ماسک پہنا ہوا تھا جس پر انڈیا کا جھنڈا چھپا ہوا تھا۔
بھارت میں دوارکا شہر کا ذکر بھگوان کرشنا کی سلطنت کے طور پر کیا جاتا ہے اور یہ ایسی جگہ بسایا گیا تھا جہاں دریائے گومتی بحیرہ عرب سے ملتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کرشنا کی موت کے بعد شہر پانی کے اندر چلا گیا تھا۔
نریندر مودی نے اپنے اس تجربے کے حوالے سے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’غرق آب دوارکا شہر میں پراتھنا کرنا ایک بہت ہی شاندار تجربہ تھا۔ میں نے روحانی شان اور ابدی عقیدت کے ایک قدیم دور سے جڑا ہوا محسوس کیا۔‘